Feb ۱۴, ۲۰۲۰ ۱۳:۳۵ Asia/Tehran
  • بحرینی عوام کی تحریک آزادی کی نویں سالگرہ

چودہ فروری، بحرینی عوام کی انقلابی تحریک کے آغاز کا دن ہے ۔ نو سال قبل آج ہی کے دن ، یعنی چودہ فروری دو ہزار گیارہ کو بحرین کے عوام نے دارالحکومت منامہ کے پرل اسکوائر پر مظاہرہ کرکے ملک میں اصلاحات اور جمہوریت کے لئے تحریک کا آغاز کیا تھا۔

بحرینی عوام نے چودہ فروری کی تحریک آزادی کو نو سال مکمل ہونے کے موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے جن پر آل خلیفہ حکومت کے سیکورٹی کارندوں نے حملہ کردیا ہے۔
بحرینی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں کے حملوں کے بعد مظاہرین اور سیکورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں اور متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا گیا -
 
بحرینی دارالحکومت منامہ اور دیگر شہروں کی سڑکوں پر اترے بحرینی مظاہرین پر سیکورٹی اہلکاروں نے طاقت کا استعمال کیا اور متعدد نوجوانوں کو گرفتار کرلیا۔
 
جمعہ کو بحرین کے مختلف شہروں میں تاجروں اور دوکانداروں نے اپنا کار وبار بند کررکھا اور آزادی کی تحریک کے حق میں نکالے گئے جلوسوں اور مظاہروں کی حمایت کا اعلان کیا۔ اس درمیان بحرینی پولیس اور سیکورٹی اہلکاروں نے چار گھروالوں کے سرپرستوں کو پوچھ تاچھ کے طلب کیا جن کے بیٹے مظاہروں کے دوران شہید ہوچکے ہیں۔ جن لوگوں کو سیکورٹی اداروں میں طلب کیا گیا ہے ان میں دو علما بھی شامل ہیں۔
 
دوسری جانب بحرین کی انقلابی تحریک کے قائد آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے کہا ہے کہ امریکا اسلامی ملکوں میں حقیقی جمہوریت کا مخالف ہے۔ بحرین کی تحریک آزادی کے قائد اور بزرگ عالم دین آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب ایران کے مقدس شہر قم میں ایک پروگرام کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکیوں نے اسلامی ملکوں میں جمہوریت کے قیام کی ہمیشہ مخالفت کی ہے کیونکہ اگر مسلمانوں کے پاس حقیقی آزادی ہوگی تو وہ طاغوت اور سامراج کے خلاف جد وجہد کے تعلق سے اسلامی تعلیمات کی جانب آگے بڑھیں گے۔
بحرین کی اسلامی تحریک آزادی کے قائد آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے کہا کہ بحرینی عوام شاہی حکومت کے خلاف اپنی استقامت اور پامردی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بحرین کے لوگوں کے درمیان سامراج کی مخالفت اور طاغوت کے خلاف جد وجہد کا جذبہ زندہ رہنا چاہئے تاکہ وقت کے طاغوتوں، سامراجی قوتوں اور مفسدین عالم پر غلبہ حاصل کیا جائے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں فلسطین کے بارے میں امریکا کے شیطانی منصوبے سینچری ڈیل کو عالم اسلام کے خلاف امریکا کی ایک پیچیدہ سازش قراردیا اور کہا کہ یہ سازش فلسطین اور سبھی اسلامی ملکوں کے لئے ایک بڑا امتحان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج سبھی مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بڑی خیانت اور غداری کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں۔  بحرین میں آل خلیفہ حکومت کے خلاف عوام کی تحریک چودہ فروری دو ہزار گیارہ کو شروع ہوئی تھی اس عرصے میں بحرینی حکومت گیارہ ہزار سے زائد بحرینی شہریوں کو بے بنیاد الزامات کے تحت گرفتار کرکے جیلوں میں ڈال چکی ہے یا پھر ان کی شہریت کو اس نے سلب کرلیا ہے۔ بحرینی عوام ملک میں آزادی ، سیاسی اصلاحات اور امتیازی سلوک کے خاتمے نیز ملک میں ایک منتخب اور جمہوری حکومت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ 

ٹیگس