سعودی عرب میں شہزادوں کی دھر پکڑ پھر شروع
Mar ۰۷, ۲۰۲۰ ۱۵:۲۶ Asia/Tehran
سعودی حکومت نے ولی عہد کے اہم ترین سیاسی حریفوں کو راستے سے ہٹانے اور بن سلمان کی بادشاہت کا راستہ ہموار کرنے کے لیے، دو شہزادوں کو غداری کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
وال اسٹریٹ جنرل کے مطابق سعودی حکومت نے جمعے کی شب شاہ سلمان کے بھائی شہزادہ احمد بن عبدالعزیز اور سابق ولی عہد محمد بن نائف کو جیل میں بند کردیا ہے۔
کہا جارہا ہے کہ گرفتاری سے قبل شاہی گارڈ کے اہلکاروں نے احمد بن عبدالعزیز اور محمد بن نائف سے ان کے محل میں تفتیش بھی کی تھی۔
بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی بادشاہ سلمان بن عبد العزیز کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے اور انکی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے، بن سلمان نے اس قسم کے فیصلے کئے ہیں۔
البتہ اس قسم کی گرفتاریاں سعودی عرب میں پہلی بار نہیں ہو رہی ہیں اور یہ سلسلہ ماضی میں بھی بارہا دہرایا جاتا رہا ہے۔اس سے قبل بھی قبیلۂ آل سعود کے ولیعہد نے دوسو سے زائد شہزادوں کو گرفتار کروایا تھا تاہم سو ارب ڈالر سے زیادہ کی رقم وصول کرنے کے بعد ان میں سے بعض کو رہا کردیا گیا تھا۔