Mar ۱۳, ۲۰۲۰ ۰۹:۴۴ Asia/Tehran
  • عراق، الحشد الشعبی کے مراکز پر امریکی بمباری 10 شہید و زخمی

امریکہ کے جنگی طیاروں نے عراق کے صوبوں صلاح الدین، بابل، بصره، کربلا اور واسط میں عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے کئی مراکز پر حملہ کیا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی طیاروں کے حملہ کرنے کے بعد بھی ان علاقوں پر پرواز جاری ہے۔

عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی جارحیت میں 3 افراد شہید اور 7 زخمی ہوئے۔

رائٹرز نے امریکی حکام کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ امریکی حملہ بدھ کی رات امریکہ کے فوجی اڈے التاجی میں ہونے والے راکٹ حملے پر کیا گیا۔ التاجی حملے میں امریکہ اور برطانیہ کے 4 فوجی ہلاک اور 26 دیگر فوجی زخمی ہوئے تھے۔

واضح رہے کہ عراق کے القائم علاقہ میں دو ماہ قبل بھی امریکہ کے ہوائی حملوں کے نتیجے میں عراق کی رضاکار فورس کے 25 افراد شہید اور51 زخمی ہوئے تھے۔ الحشد الشعبی کے اہلکاروں کی شہادت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مظاہرین نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارتخانے پر حملہ کرکے امریکی پرچم کو نذر آتش کیا جبکہ امریکی سفارتخانہ سے مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی ۔

حشد الشعبی کے اہلکاروں کی شہادت کے بعد عراقی عوام میں امریکہ کی نسبت شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے دارالحکومت بغداد میں ہزاروں افراد نے امریکہ سے نفرت اور بیزاری کا اظہار کرتے ہوئے عراق میں امریکی سفارتخانہ کو بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹیگس