ترکی میں 20 سال سے کم عمر شہریوں کی آمد و رفت پر پابندی
ترکی میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے 20 سال سے کم عمر شہریوں پر جزوی کرفیو نافذ کردیا گیا۔
آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے قوم سے خطاب میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سنیچر 4 اپریل سے تا حکم ثانی 20 سال سے کم عمر شہری گھروں سے باہر نہیں نکل سکتے۔ انہوں نے اسی طرح دارالحکومت انقرہ سمیت 31 صوبوں میں گاڑیوں کے داخلے پر بھی پابندی عائد کردی۔ پابندی کا اطلاق اشیائے ضروریہ پر نہیں ہوگا۔
رجب طیب اردوغان نے عوامی مقامات اور کریانہ اسٹوروں میں ماسک پہننے کو لازمی قرار دینے کا بھی اعلان کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل مارچ میں ترکی کی حکومت نے 65 برس سے زائد عمر کے شہریوں اور دائمی امراض میں مبتلا افراد کے گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد کی تھی۔
ترکی کے وزیر صحت فخرالدین کوجا نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ ترکی میں کورونا وائرس کے 20 ہزار 921 متاثرین کی تصدیق ہوچکی ہے جب کہ 425 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔