Apr ۰۵, ۲۰۲۰ ۰۸:۵۲ Asia/Tehran
  • سعودی عرب میں 2179 افراد کورونا کا شکار

کورونا وائرس کے خلاف دنیا بھر کی طرح مشرق وسطیٰ میں بھی لاک ڈاؤن سمیت دیگر حفاظتی تدابیر اختیار کی جارہی ہیں اور سعودی عرب نے جدہ کے مختلف حصوں کو لاک ڈاؤن کردیا ہے۔

عرب ذرائع کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کی  وزارتِ صحت کے مطابق سعودی عرب میں مزید 140 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد سعودی عرب میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 2179 تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کے باعث مزید چار افراد ہلاک ہو گئے اس طرح اس ملک میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہوگئی ہے۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ حکومت نے جدہ کے 7 مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن اور جزوی کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں شہریوں کے آنے جانے پر مکمل پابندی رہے گی۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے رواں ہفتے دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی تھی کہ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کو دیکھتے ہوئے حج کی تیاریوں کو عارضی طور پر مؤخر کردیں۔

سعودی عرب نے کورونا وائرس کے باعث گزشتہ ماہ کے اوائل میں عمرے کو عارضی طور پرمعطل کردیا تھا اور خانہ کعبہ کے صحن (مطاف) کو خالی کروادیا گیا تھا۔

کورونا وائرس دنیا کے 200 سے زائد ملکوں میں پھیل گیا ہے جس سے اب تک کم سے کم 64 ہزار714 افراد ہلاک جبکہ 12 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں اور 2 لاکھ  46 ہزار700 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ٹیگس