قیدیوں کی رہائی کے لئے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرت معطل
افغان حکومت اور طالبان کے درمیان قیدیوں کی رہائی کے سلسلے میں ہونے والے مذاکرات معطل ہو گئے ہیں۔
تسنیم نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ طالبان نے قیدیوں کی رہائی کی تصدیق کرنے کے لئے قیدیوں سے متعلق کمیشن کی ایک تکنیکی ٹیم کابل بھیجی تھی کیونکہ حکومت افغانستان کے وعدے کے مطابق طالبان قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ شروع ہونا تھا مگر افسوس کہ مختلف بہانوں سے قیدیوں کی رہائی ملتوی کر دی گئی ہے۔
طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کے بیان میں آیا ہے کہ اس بنا پر طالبان وفد کل سے لاحاصل اجلاسوں میں شرکت نہیں کرے گا۔ طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان کا بیان ایسے عالم میں سامنے آیا ہے کہ افغانستان کے مقامی اداروں کے سربراہ متین بیگ کے مطابق فریقین کے قیدیوں کی رہائی میں تاخیر کے سبب طالبان کی جانب سے اپنے پندرہ سرغنوں کی رہائی پر اصرار بڑھ گیا ہے۔
افغان حکومت اور طالبان کے نمائندہ وفود نے گذشتہ ہفتے سے اپنے اپنے قیدیوں کی رہائی اور سرانجام جنگ بندی کے لئے مذاکرات شروع کئے ہیں۔