Apr ۰۸, ۲۰۲۰ ۰۹:۲۴ Asia/Tehran
  • سعودی عرب میں کورونا کا طوفان

سعودی عرب کے وزیر صحت نے 2 ہفتوں میں کورونا وائرس کے کیسز 2 لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

روسیا الیوم کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر صحت توفیق الربیعہ کا کہنا تھا کہ چند ہفتوں میں سعودی عرب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 2 لاکھ تک جاسکتی ہے۔ حالات مزید دشوار ہوسکتے ہیں اور دشوار حالات کی طرف سعودی عرب کے بادشاہ ملک سلمان نے بھی اشارہ کیا ہے۔ سعودی وزیر صحت نے کہا کہ اگر عوام نے وزارت صحت کے مشوروں پرعمل نہ کیا تو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوجائے گا جسے سنبھالنا وزارت صحت کے بس سے باہر ہوجائے گا۔

ادھراس سے قبل  سعودی وزارت صحت کے ترجمان محمد العبد العالی نے بھی کہا تھا کہ  سعودی عرب میں 50 فیصد لوگ طبی امور  پر عمل نہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے کورونا وائرس مزید پھیل سکتا ہے انہوں نے کہا کہ کورونا کے مزید 43 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس طرح مجموعی طور پر مریضوں کی تعداد 2795 ہوگئی ہے۔ ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اب تک سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث 41 اموات ہوچکی ہیں۔ تاہم بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کی صحیح تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ایک بیان میں کہا گیا کہ حکومت نے جدہ کے 7 مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن اور جزوی کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کردیا ہے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں شہریوں کے آنے جانے پر مکمل پابندی رہے گی۔

یاد رہے کہ سعودی عرب نے رواں ہفتے دنیا بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی تھی کہ کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کو دیکھتے ہوئے حج کی تیاریوں کو عارضی طور پر مؤخر کردیں۔

سعودی عرب نے کورونا وائرس کے باعث گزشتہ ماہ کے اوائل میں عمرے کو عارضی طور پر معطل کردیا تھا اور خانہ کعبہ کے صحن (مطاف) کو خالی کروادیا گیا تھا۔

ٹیگس