لیبیا، الوطیہ فوجی ایئربیس آزاد کرانے کی کارروائی شروع
لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے مغرب میں واقع الوطیہ ایئربیس کو خلیفہ حفتر کے باغی گروہ سے آزاد کرانے کی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔
لیبیا کے ایک فوجی ذریعے نے بتایا ہے کہ الوطیہ ایئربیس کو آزاد کرانے کی کارروائیاں منگل کی صبح شروع ہوئی ہیں اور وفاقی حکومت کی فوج، توپوں سے گولہ باری کر کے اس چھاؤنی میں داخل ہونے کے لئے زمینی راستہ کھولنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔
لیبیا کے فوجی ذریعے نے بتایا کہ اس وقت ایئربیس کے نزدیک شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں۔ الوطیہ ایئربیس مغربی طرابلس میں واقع ایک بڑی فوجی چھاؤنی ہے جس پر خلیفہ حفتر کے فوجیوں نے چھے سال پہلے قبضہ کر کے اسے اپنا فوجی مرکز بنا لیا تھا۔
لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے جنوب میں وفاقی حکومت کی فوج اور باغی گروہ خلیفہ حفتر کے فوجیوں کے درمیان گذشتہ برس سے جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لیبیا کی قومی وفاقی حکومت کے سربراہ فائز السراج پہلے ہی اعلان کر چکے ہیں کہ کسی طرح کی حقیقی جنگ بندی کے لئے بین الاقوامی ضمانت لازمی ہے۔