May ۰۹, ۲۰۲۰ ۱۷:۳۶ Asia/Tehran
  • کورونا کی آڑ میں سینچری ڈیل کو نافذ کر رہے ہیں امریکہ و اسرائیل

غزہ کے محاصرے کے خلاف مہم کی عوامی کمیٹی کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکہ و اسرائیل دنیا میں جاری انسداد کورونا مہم کی آڑ میں سینچری ڈیل سازشی منصوبے کے نفاذ کی کوشش کر رہے ہیں۔

غزہ محاصرے کے خلاف مہم کی عوامی کمیٹی کے سربراہ جمال الخضری نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ امریکہ نے غرب اردن کے علاقوں کو مقبوضہ علاقوں میں شامل کرنے کے لئے صیہونی حکومت کو ہری جھنڈی دے دی ہے اور غاصب صیہونیوں نے بھی اس سازشی منصوبے پر کام تیز کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں نتن یاہو کی کابینہ تشکیل پانے کے بعد غرب اردن کے علاقوں کو اسرائیل میں شامل اور فلسطینیوں کے حقوق پامال کرنے والے منصوبے پر سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔

الخضری نے کہا کہ سازشی منصوبے پر عمل درآمد کے لئے غاصب صیہونی ٹولے کی کوششوں کے باوجود فلسطینی قوم کے عزائم کبھی متزلزل نہیں ہوں گے۔

واضح رہے کہ فلسطینی علاقوں میں صیہونی بستیوں کی غیر قانونی تعمیر پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے اور امریکی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ واشنگٹن غرب اردن میں اسرائیل کے تعمیراتی منصوبے کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی نہیں سمجھتا۔

قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے تئیس دسمبر دو ہزار سولہ کو قرارداد تئیس چونتیس پاس کر کے فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر کو فوری طور پر بند کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹیگس