May ۱۰, ۲۰۲۰ ۱۸:۱۲ Asia/Tehran
  • عراق، رضاکار فورس نے دہشت گردوں کے منصوبے کو ناکام بنایا

عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے صوبے الانبار کے ایک علاقے کو نشانہ بنانے کے لئے داعشی عناصر کے دہشتگردانہ منصوبے کو ناکام بنا دیا۔

عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کی چھبیسویں بریگیڈ نے اتوار کے روز ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ حشد الشعبی کے جوانوں نے صوبے الانبار کے النخیب علاقے میں دہشت گردوں کے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے انہیں پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔

صوبے الانبار میں حشد الشعبی کے کمانڈر قاسم مصلح نے ہفتے کی رات بھی مغربی الانبار میں واقع عکاشات کے مشرق میں داعشی دہشت گرد عناصر کے داخلے کی کوشش کا مقابلہ کئے جانے کی خبر دی تھی۔

دریں اثنا شمالی عراق میں حشد الشعبی کے کمانڈر ابو رضا نجار نے کہا ہے کہ حشد الشعبی کے جوانوں نے صوبے کرکوک کے علاقے مکتب خالد میں دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے داعش دہشت گرد گروہ کے متعدد عناصر خاص طور سے اس دہشت گرد گروہ کے تین کمانڈروں کو ہلاک کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ حشد الشعبی کی مختلف بریگیڈ، عراق کے مختلف علاقوں میں وسیع پمیانے پر اپنی کاروائیاں شروع کرنے والی ہیں۔

واضح رہے کہ عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کی شکست کے باوجود اس گروہ کے باقی بچے عناصر مختلف علاقوں میں روپوش ہیں جو موقع ملنے پر دہشت گردانہ کاروائی کرنے سے نہیں چوکتے۔

ٹیگس