May ۱۰, ۲۰۲۰ ۱۹:۳۶ Asia/Tehran
  • امریکہ کی طبی دہشتگردی سے 2 ارب لوگوں کی جان کو خطرہ

اقوام متحدہ میں شام کے نمائندے نے کہا ہے کہ امریکہ کی طبی دہشت گردی سے دنیا میں دو ارب لوگوں کی جان کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔

اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بشار جعفری نے نیویارک کے مقامی وقت کے مطابق ہفتے کی شام کوویڈ انیس عالمی خطرہ اور امریکی پابندیوں کے بارے میں آن لائن تشکیل پانے والے اجلاس میں کہا ہے کہ کورونا وائرس پھیلنے سے شام کی حکومت کے لئے مزید مسائل پیدا ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور میں پابندیوں کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے اور یہ عالمی ادارہ دیگر ملکوں کے خلاف پابندی عائد کئے جانے کو تسلیم نہیں کرتا۔

بشار جعفری نے کہا کہ امریکی حکام، شمال مشرقی اور شمال مغربی شام میں خلیج فارس کے بعض ملکوں کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کو پیسہ اور ہتھیار فراہم کئے جانے کو جائز سمجھتے ہیں اور وہ اس اقدام کو انسان دوستانہ امداد سے تعبیر کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم انتالیس ملکوں کے خلاف پابندیاں لگائے جانے کے اقدام کو مکمل طبی دہشت گردی سمجھتے ہیں۔ 

مغربی ممالک، اس سے قبل سیاسی، مالی، تعلیمی، تشہیراتی اور اقتصادی دہشت گردی کا ارتکاب کر چکے ہیں اور انہوں نے اب طبی دہشت گردی کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔

اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب نے کہا کہ دمشق، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے حالیہ بیان کا خیر مقدم کرتا ہے جس میں انہوں نے یکطرفہ، جارحانہ اور ظالمانہ اقدامات کا سلسلہ فوری طور پر بند کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یکطرفہ پابندیوں کا خاتمہ کروانے کے لئے کوئی اقدام عمل میں نہیں لایا جا رہا ہے جبکہ امریکہ کی سربراہی میں عائد کی جانے والی یکطرفہ پابندیوں سے دنیا میں دو ارب سے زائد لوگوں کو شدید رنج و الم اور مسائل و مشکلات کا سامنا ہے۔

ٹیگس