کابل دہشت گردانہ حملہ، ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ
افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایک اسپتال پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر چوبیس ہو گئی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے نائب وزیر صحت وحید اللہ مجروح نے بدھ کے روز پریس کانفرنس میں بتایا ہے کہ منگل کو کابل کے مغربی علاقے میں ایک اسپتال پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر چوبیس ہو گئی ہے جبکہ پندرہ افراد زخمی ہیں۔
اس سے قبل مرنے والوں کی تعداد پندرہ بتائی گئی تھی۔ اسپتال کو دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بنائے جانے پر قومی اور عالمی سطح پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔
اگرچہ داعش دہشت گرد گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے تاہم افغان حکومت کا خیال ہے کہ افغانستان میں اس قسم کے حملے کی راہ طالبان نے ہی ہموار کی ہے۔
افغان صدر اشرف غنی نے بھی طالبان کے خلاف کاروائی کے لئے افغان فوج کو چوکس رہنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
اُدھر طالبان کا دعوا ہے کہ حکومت جنگ کے ذریعے اپنا اقتدار بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔