حشد الشعبی نے داعش کے حملے پسپا کر دئے
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے ملک کے مشرقی اور مغربی علاقوں پر داعش دہشتگرد گروہ کے حملوں کو ناکام بنا دیا ہے۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے عراق کے صوبہ الانبار کے عکاشات علاقے پر داعشی عناصر کے حملے کو ناکام بنا دیا ہے ۔ اس حملے میں الحشد الشعبی کو کسی طرح کا کوئی نقصان نہیں ہوا اور داعش دہشتگرد فرار اختیار کرنے پر مجبور ہو گئے۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی نے مشرقی عراق میں واقع صوبہ دیالہ کے خانقین علاقے پر بھی داعش دہشتگردوں کو پسپا کیا ہے۔
عراقی ذرائع ابلاغ نے جمعے کی صبح صوبہ بابل کے شمال میں واقع جرف النصرعلاقے پر داعش دہشتگردوں کے حملے کی خبر دی تھی ۔
رپورٹوں کے مطابق اس حملے میں عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کا ایک جوان شہید ہوا ہے۔
دوسری جانب عراق کی مسلح افواج کے ترجمان نے بتایا ہے کہ ملک کی نئی حکومت دہشتگردی پر پوری طرح قابو پانے کے لئے دفاعی اور اسلحہ جاتی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گی اور ایک مکمل سیکورٹی سسٹم قائم کرے گی ۔
عراق کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی رسول نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مصطفی الکاظمی نے وزیر دفاع اور فوجی کمانڈروں کے ساتھ ایک اجلاس میں، فوجی ڈھانچے کی از سر نو تشکیل اور دہشتگرد گروہوں کا مقابلہ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عراق کی نئی حکومت جدید ترین ہتھیاروں اور فوجی ساز و سامان کے ذریعے ملک کی فوجی توانائیوں کو بڑھانے اور دہشتگردی پر قابو پانے کے لئے ایک مکمل سیکورٹی سسٹم قائم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
عراق کی مسلح افواج کے ترجمان نے حالیہ ہفتوں میں داعش دہشتگردوں کے حملوں میں تیزی آنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فوج اور مسلح فورسسز دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔
عراق میں داعش دہشتگرد گروہ کی شکست کے باوجود، داعش کے باقیات اس ملک میں موجود ہیں اور وقفے وقفے سے دہشتگردانہ کارروائیاں انجام دیتے رہتے ہیں ۔
عراقی فوج اور رضاکار عوامی فورس الحشد الشعبی نے اب تک عراق کے مختلف علاقوں سے دہشتگرد گروہوں کا صفایا کرنے کے لئے متعدد کارروائیاں انجام دی ہیں اور اس کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
عراقی فورسز نے اسلامی جمہوریہ ایران کی مدد سے سترہ نومبر دو ہزار سترہ کو عراق کے صوبہ الانبار کے شہر راوہ میں داعش کے آخری ٹھکانے کو تباہ کرنے کے بعد عملی طور پر عراق میں داعشی تسلط کے خاتمہ کا اعلان کر دیا تھا۔