May ۱۹, ۲۰۲۰ ۱۶:۴۷ Asia/Tehran
  • ایران بیت المقدس میں سفارتخانہ کھولے گا، فلسطین نے خیر مقدم کیا

ایرنی پارلیمنٹ نے ایک بل کی منظوری دی ہے جس کی بنیاد پر آئندہ چھے ماہ کے اندر فلسطین میں اسلامی جمہوریہ ایران کا ورچوئل سفارت خانہ یا قونصل خانہ کھولا جائے گا۔

فلسطین کی قانون ساز قومی اسمبلی کے اسپیکر نے فلسطین کے دارالحکومت کی حیثیت سے بیت المقدس میں ایران کے ورچوول سفارت خانے کے قیام کی منظوری سے متعلق ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اقدام کی قدردانی کی ہے۔

فلسطین  کے اسپیکر سلیم الزعنون نے عالمی یوم قدس کی آمد پر ایک بیان میں ایران کے اس اقدام کو، فلسطین کے دارالحکومت کی حیثیت سے بیت المقدس اور اسی طرح اپنی سرزمین پر فلسطینیوں کی حاکمیت کو تسلیم کئے جانے سے متعلق اہم اقدام قرار دیا۔

انہوں نے تمام عرب اور اسلامی ملکوں نیز دنیا کے تمام ملکوں سے اپیل کی کہ وہ ایران کی پارلیمنٹ کے فیصلے کی مانند فیصلے کر کے بیت المقدس کو مقبوضہ علاقوں میں شامل کرنے پر مبنی امریکی صدر ٹرمپ کی سازشوں کا مقابلہ کریں۔

ایران کے ارکان پارلیمنٹ نے پیر کے روز غاصب صیہونی حکومت کے دشمنانہ اقدامات کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک بل کی منظوری دی ہے جس کی بنیاد پر ایران کی وزارت خارجہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ آئندہ چھے ماہ کے اندر فلسطین میں اسلامی جمہوریہ ایران کا ورچوئل سفارت خانہ یا قونصل خانہ کھولنے کی راہ ہموار کرے۔

قابل ذکر ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی امام خمینی (رح) کے فرمان پر ماہ مبارک رمضان کے جمعۃ الوداع کو عالمی یوم قدس کا عنوان دیا گیا ہے۔

ٹیگس