صیہونی حکومت کے ساتھ سیکورٹی تعاون منقطع کرنے کا باضابطہ اعلان
فلسطین کی خودمختار انتظامیہ نے صیہونی حکومت کے ساتھ سیکورٹی تعاون منقطع کرنے کا باضابطہ طور پر اعلان کر دیا۔
صیہونی حکومت کے ٹیلیویژن کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی خود مختار انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس کی، کئی روز کی تاکید کے بعد فلسطینی اتھارٹی نے سیکورٹی تعاون منقطع کرنے کا باضابطہ طور پر اعلان کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل کے ایک عہدیدار نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی نے ایک پیغام میں اپنا سیکورٹی تعاون ختم کرنے کی خبر دی ہے اور اعلان کیا ہے کہ دو طرفہ طور پر طے پانے والا کوئی بھی سمجھوتہ اب قابل عمل نہیں ہے۔
فلسطین کی خودمختار انتظامیہ کی جانب سے یہ پیغام، فلسطینی اتھارٹی کے شہری امور کے وزیر حسین الشیخ اور مختلف دیگر عہدیداروں نے مقبوضہ علاقوں میں صیہونی حکومت کے کوآرڈینیٹر کمیل ابو رکن کے لئے ارسال کیا ہے۔
فلسطین کی خود مختار انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے گذشتہ منگل کو اعلان کیا تھا کہ غرب اردن کے نئے علاقوں کو قبضانے کے لئے غاصب صیہونی حکومت کے فیصلے پر اپنے ردعمل کے طور پر وہ صیہونی حکومت اور امریکہ کے ساتھ تعلقات منقطع کر رہے ہیں۔