افغانستان، امریکی اڈے پر راکٹ حملہ
May ۲۴, ۲۰۲۰ ۲۱:۲۸ Asia/Tehran
افغانستان کے دار الحکومت کابل کے شمال میں واقع امریکی دہشتگردی کے اڈے بگرام پر راکٹوں سے حملہ ہوا ہے۔
کابل سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صوبے پروان کے گورنر ہاؤس کی ترجمان وحیدہ شہکار نے اتوار کو ہونے والے اس حملے کی اطلاع دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس راکٹ حملے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔ اس حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی نے قبول نہیں کی ہے تاہم حال ہی میں طالبان نے افغان فوجیوں اور امریکی ٹھکانوں پر حملے تیز کر دیئے ہیں۔
امریکہ اور طالبان کے درمیان جنگ بندی کے سمجھوتے پر دستخط اور کابل حکومت کے ساتھ اس گروہ کے مذاکرات کے آغاز کے باوجود افغانستان کے مختلف علاقوں میں طالبان کے حملے بدستور جاری ہیں۔ ان حملوں میں اب تک سیکڑوں افراد مارے جا چکے ہیں جن میں دسیوں عام شہری بھی شامل ہیں۔