ایران اور افغانستان کے درمیان تجارتی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہو گئیں
ایران و افغانستان کے مشترکہ ایوان تجارت کے سربراہ نے افغانستان کے لئے ایران کی برآمدات کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو جانے کی خبر دی ہے۔
سید حسین سلیمی نے منگل کے روز کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد افغانستان نے ایران سے درآمدات میں کچھ بندشیں لگا دی تھیں جو اب ختم ہو چکی ہیں اور تجارتی سرگرمیاں پھر سے بحال کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی اشیا کے حامل ٹرک ڈرائیوروں کو افغانستان میں داخل ہونے کا پرمٹ فراہم کیا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں کوئی مشکل درپیش نہیں ہے۔
ایران و افغانستان کے مشترکہ ایوان تجارت کے سربراہ نے دوغارون سرحد کھولے جانے کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ برآمدات کے لئے افغانستان، ایران کے لئے خاص اہمیت رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ ایران سے افغانستان کے لئے زیادہ تر غذائی اشیا برآمد ہوتی ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی لین دین کی شرح سالانہ تقریبا تین ارب ڈالر مالیت تک جا پہونچتی ہے۔