Jun ۱۲, ۲۰۲۰ ۱۹:۵۲ Asia/Tehran
  • جنرل دوستم کے موضوع پر اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ میں اختلاف نہیں: صدیق صدیقی

افغان صدر کے ترجمان نے کہا ہے کہ جنرل عبد الرشید دوستم کو مارشل کا اعزازی درجہ دیئے جانے کے موضوع پر محمد اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ کے درمیان اختلاف کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

آوا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغان صدر کے ترجمان صدیق صدیقی نے کابل میں ایک اجلاس میں کہا کہ افغان قومی تحریک کے سربراہ جنرل دوستم کو مارشل کا درجہ عطا کئے جانے پر اعلی قومی مفاہمتی کونسل کے سربراہ اور صدر کے درمیان کسی طرح کا اختلاف نہیں ہے اور یہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والے سیاسی سمجھوتے پر دستخط کا ایک حصہ ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ افغانستان کی طلوع نیوز ایجنسی نے خبر دی تھی کہ قومی مفاہمتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے جنرل رشید دوستم کو مارشل کا اعزازی درجہ دینے کی مخالفت کی ہے۔

افغان صدر اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ کے درمیان ہونے والے سمجھوتے میں جنرل عدالرشید دوستم کو مارشل کا درجہ دیئے جانے پر تاکید کی گئی تھی۔ اس سمجھوتے کی بنیاد پر جنرل دوستم مارشل کے ساتھ ہی قومی سلامتی کونسل کے رکن بھی ہوں گے۔

افغان فوج میں مارشل کا درجہ جنرل سے بالا تر ہے اور یہ درجہ اب تک صرف دو افراد کو دیا گیا ہے۔ افغانستان میں پہلی بار شاہ ولی خان جبکہ دوسری بار افغانستان کے قومی ہیرو احمد شاہ مسعود کے جانشین محمد قسیم فہیم کو مارشل کا درجہ دیا گیا ہے۔

 

ٹیگس