Jun ۱۳, ۲۰۲۰ ۱۹:۵۲ Asia/Tehran
  • انڈونیشیا اور ملائیشیا کا اس سال حج میں شرکت نہ کرنے کا اعلان

کورونا وائرس کے پیش نظر انڈونیشیا اور ملائیشیا نے اپنے شہریوں کو اس سال حج کے لیے سعودی عرب نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق انڈونیشیا کی وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں کورونا کے پھیلاؤ کے پیش نظر اس سال عازمین حج کو سعودی عرب نہیں بھیجا جائے گا۔

توقع کی جارہی تھی کہ اس سال دو لاکھ بیس ہزار انڈونیشیائی شہری حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کریں گے۔ قبل ازیں ملائیشیا نے بھی ساڑھے اکتیس ہزار سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب نہ بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ کہا جا رہا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ سعودی حکومت بھی ملک میں کورونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر اس سال مناسک حج منسوخ کیے جانے پر غور کر رہی ہے۔ سعودی عرب کو حج کے ذریعے سالانہ بارہ ارب ڈالر کی آمدنی ہوتی ہے۔

ٹیگس