Jun ۲۹, ۲۰۲۰ ۱۱:۴۷ Asia/Tehran
  • امریکہ، حشدالشعبی سے انتقام لینے کے درپے

عراق کی عوامی رضا کار فورس الحشدالشعبی کے کمانڈر نے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی، حشدالشعبی سے انتقام لینے کے درپے ہیں۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کی عوامی رضا کار فورس الحشدالشعبی کے کمانڈر علی الحسینی نے کہا ہے کہ بعض عرب اور یورپی ممالک، ذرائع ابلاغ میں پروپگنڈوں اور فتنہ و فساد کے ذریعے حشدالشعبی کو کمزور کرنا چاہتے ہیں اس لئے کہ حشدالشعبی نے عراق کے حصے بخرے کرنے سے متعلق ان کی سازش کو ناکام بنا کر دہشتگرد گروہ داعش کا اس ملک سے خاتمہ کردیا۔

حشدالشعبی کے کمانڈر علی الحسینی نے عراقی حزب اللہ کے جوانوں کی گرفتاری اور رونما ہونے والے حالیہ واقعات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 3 روز سے حشدالشعبی کے خلاف بعض عرب اور یورپی ممالک نے ذرائع ابلاغ میں جنگ شروع کی ہے اور حشدالشعبی کے خلاف من گھڑت اور جھوٹے دعوے کر کے استقامتی محاذ کے جوانوں کے خون کو پامال کرنا چاہتے ہیں۔

علی الحسینی کا کہنا تھا کہ امریکہ کی تمام سازشیں ناکام ہو جائیں گی اور غاصبوں اور جارحین کو اس ملک سے بالآخر نکلنا پڑے گا۔

واضح رہے کہ دہشتگرد امریکی فوجیوں نے انسداد دہشتگردی فورس کی حمایت سے چالیس بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ بغداد کے الدورہ علاقے میں قائم حزب اللہ عراق کے دفتر پر حملہ کرکےاس تنظیم کے 13 جوانوں کو اغوا کر لیا۔ جس کے بعد الحشد الشعبی کے جوان بغداد کے انتہائی سیکورٹی والے علاقے گرین زون میں داخل ہوگئے اور خبردار کیا کہ اگر حزب اللہ کے اغوا کئے گئے جوانوں کو رہا نہ کیا گیا تو وہ دہشت گرد امریکیوں کے خلاف ہمہ گیر جنگ شروع کردیں گے۔

ٹیگس