Jul ۰۴, ۲۰۲۰ ۱۰:۲۹ Asia/Tehran
  • مرجع عالیقدر آیت‌الله سیستانی کی اہانت پر عراق میں سخت رد عمل

سعودی ذرائع ابلاغ میں مرجع عالیقدر آیت‌الله سیستانی کی اہانت کئے جانے پر عراقی عوام، شخصیات اور حکام نے سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سعودی اخبار الشرق الاوسط نے مرجع عالیقدر آیت‌الله سیستانی کی شان میں گستاخی کرتے ہوئے ان کا ایک کارٹون شائع کیا جس پر عراق میں سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔

الفتح پارلیمانی اتحاد کے صدرہادی العامری نے سعودی اخبار الشرق الاوسط کی جانب سے اس قسم کی توہین کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے ایک بار پھر ریڈ لائن کو عبور اور عراقی اقدار کی توہین کی۔

عراقی پارلیمنٹ کے رکن احمد الاسدی نے بھی سعودی اخبارکے اس اقدام کی مذمت کرتے ہو‏ئے کہا کہ مراجع عظام کے خلاف اقدام در اصل سعودی عرب میں حکمفرما سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔

عراق کی اسلامی مزاحمتی تحریک النخباء کے ترجمان نصر الشِمَرّی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ آل سعود اور اسی طرح امریکہ اور اسرائیل کے دیگر آلہ کاروں کا شیعہ مخالف موقف کوئی نئی بات نہیں ہے اس لئے کہ سعودی وہی ہیں جنہوں نے ناحق طور پر مسلمانوں کے پاک خون کو بہایا۔

ٹیگس