سعودی جارحیت کے خلاف یمنی عوام کا مظاہرہ
یمنی شہریوں نے صوبہ صعدہ میں مظاہرہ کر کے ملک پر جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں اور جرائم کی مذمت کی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق شمالی یمن کے صوبہ صعدہ کے مختلف قبائل کے لوگوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا اوراعلان کیا کہ یمن پر سعودی اتحاد کے جرائم کا سلسلہ امریکہ کی ہری جھنڈی سے ہی جاری ہے
یمن کی نیشنل سالویشن فرنٹ کے ترجمان ضیف اللہ الشامی نے اعلان کیا ہے کہ صوبہ الجوف پر سعودی عرب کی وحشیگری اور جرائم کے جواب میں صنعا کی کارروائی نہایت سخت ہو گی۔ الجوف میں ایک شادی کی تقریب پرجارح سعودی عرب کے حملے میں اکتیس یمنی شہری شہید اور زخمی ہو گئے تھے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔
ضیف اللہ الشامی نے کہا کہ جارح سعودی عرب کے جنگی طیارے ایسے عالم میں یمنی بچوں اور عورتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں کہ ان کے یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین کی سخت خلاف ورزی شمار ہوتے ہیں اور ان جرائم کی تمام ذمہ داری جارح قوتوں اور عالمی برادری پر عائد ہوتی ہے۔
بدھ کو صوبہ الجوف کے المساعفہ المرازیق علاقے کے بنی نوف قبیلے میں ایک شادی کی تقریب پر جارح سعودی اتحاد نے وحشیانہ ہوائی حملہ کر دیا تھا۔
الجوف ایک ایسا صوبہ ہے جس پر فروری دو ہزار بیس سے اب تک جارح سعودی عرب کے جنگی طیارے بار بار بمباری کرتے رہے ہیں۔
صوبہ الجوف پر جارح سعودی عرب کے بار بار حملوں کی کئی وجوہات ہیں۔
سعودی عرب نے اٹھارہ دسمبر دو ہزار پندرہ میں صوبہ الجوف پر قبضہ کر لیا تھا، تاہم یمن کی تحریک انصاراللہ نے چند سال کی جدوجہد کے بعد یکم مارچ دو ہزار بیس کو ایک بھرپور کارروائی کر کے الجوف کے صدر مقام الحزم اور دیگر تمام مغربی علاقوں کو آزآد کرا لیا تھا۔
بنا بریں سعودی اتحاد کے اس صوبے پر پے درپے حملوں کی ایک وجہ گذشتہ مارچ کے مہینے میں ریاض کی سنگین شکست اور دوبارہ اس اہم صوبے پر قبضہ کرنے کی کوشش ہے۔
صوبہ الجوف جغرافیائی لحاظ سے نہایت اہمیت کا حامل ہے اور اس پر قبضے کا یمن میں جاری جنگ پر کافی اثر پڑے گا۔
صوبہ الجوف سے صعدہ اور مآرب صوبوں کو بھی کنٹرول کیا جا سکتا ہے اور اس کی سرحدیں صنعا، عمران اور حضرموت صوبوں سے بھی ملتی ہیں۔
دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!
Whatsapp invitation link