Aug ۱۸, ۲۰۲۰ ۱۲:۵۴ Asia/Tehran
  • اسرائیل سے دوستی پر سعودی شہزادے کو ڈونلڈ ٹرمپ کا تحفہ

آل سعود خاندان کے اسرار فاش کرنے والے ایک سعودی شخصیت نے انکشاف کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی ولیعہد بن سلمان سے وعدہ کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی صورت میں وہ انہیں مسند بادشاہت پر بٹھا دیں گے۔

آئی آرآئی بی نیوز کے مطابق آل سعود خاندان کے اسرار فاش کرنے والے ٹوئیٹر کے معروف سعودی صارف مجتہد نے دعوی کیا ہے کہ امریکہ نے سعودی ولیعہد محمد بن سلمان سے یہ وعدہ کیا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے با ضابطہ اعلان کے بعد انکے والد شاہ سلمان کو ہٹا کر انہیں مسند بادشاہت تک پہنچانے میں انکی مدد کرے گا۔

خاندانِ آل سعود کے اسرار کو برملا کرنے والے معروف سعودی شہری مجتہد نے اپنے ٹوئیٹر ہینڈل پر لکھا کہ واشنگٹن ولیعہد بن سلمان کے مخالفین کو انکی بادشاہت پر رضامند کرنے کے لئے مداخلت کرے گا۔

خیال رہے کہ امریکی صدر کی کوششوں کے بعد گزشتہ جمعرات کو متحدہ عرب امارات نے قبلۂ اول بیت المقدس سے غداری کرتے ہوئے غاصب اسرائیل کے ساتھ باضابطہ تعلقات کی استواری کے معاہدے پر دستخط کئے جس کے بعد عالم اسلام بالخصوص فلسطین میں شدید غم و غصے اور ناراضگی کی لہر دوڑ گئی اور سبھی نے متفقہ طور پر متحدہ عرب امارات کے اس اقدام کو فلسطینی کاز کے ساتھ خیانت سے تعبیر کیا ۔

امارات اسرائیل امن معاہدے کے بعد صیہونی حکومت کے چینل تیرہ نے یہ اعلان کیا کہ اگرچہ سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کے معاہدے پر خاموشی اختیار کی ہوئی ہے تاہم وہ بحرین و عمان سے قبل جلد ہی اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کر لے گا۔

ٹیگس