محرم کا چاند نمودار، ساری دنیا سوگوار
دنیا بھر میں محرم سنہ چودہ سو بیالیس ہجری کا چاند نظر آتے ہی فرزند رسول سید الشہدا امام حسین علیہ السلام کی سوگواری و عزاداری کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
ایران، عراق، ہندوستان، پاکستان، شام اور لبنان سمیت دنیا بھر میں ماہ عزا محرم کا چاند نظر آتے ہی فضا سوگوار ہو گئی۔
ایران کے مقامات مقدسہ بالخصوص فرزند رسول امام رضا علیہ السلام کے روضہ اقدس اور دیگر مقامات مقدسہ کے ساتھ ساتھ شہروں، قریوں اور گلی کوچوں کو بھی سیاہ پوش کر دیا گیا اور جا بجا پرچم ہائے عزا نصب کر دئے گئے ہیں۔ ہر طرف مجالس عزا کا سلسلہ بھی شروع ہو گیا اور مقامات مقدسہ، حسینیوں اور امام بارگاہوں میں طبی اصول و ضوابط کا خیال رکھتے ہوئے مجالس عزا اور سوگواری و عزاداری کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
اسکے علاوہ ایران کے ذرائع ابلاغ نے بھی بڑے پیمانے پر عزائیہ پروگراموں کا اہتمام کیا ہے جس کا سلسلہ محرم کے اختتام تک جاری رہے گا۔
اُدھر عراق اور شام سے بھی خبریں ہیں کہ کربلا میں سید الشہدا امام حسین علیہ السلام، حضرت ابوالفضل العباس اور بنت علی حضرت زینب کبریٰ علیہم السلام کے روضات اقدس میں بھی پرچم عزا لہرا کر باقاعدہ سوگواری و عزادای کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ کربلا کے علاوہ عراق کے دیگر مقدس مقامات کو بھی سیاہ پوش کیا جا چکا ہے۔ عراق سے اطلاعات ہیں کہ وہاں کورونا وائرس کی وجہ سے محرم الحرام کے پہلے عشرے میں کربلائے معلی میں داخل ہونے کے تمام راستے بند رہیں گے۔
کربلا کی پولیس چیف کے ترجمان علاء الغانمی نے کہا ہے کہ کربلا کے تمام داخلی راستے تمام زائرین کیلئے 13 محرم الحرام تک بند رہیں گے۔
پاکستان اور ہندوستان میں بھی محرم الحرام چودہ سو بیالیس ہجری کا چاند دیکھ لیا گیا جس کے بعد ہر طرف غم و اندورہ کی فضا محسوس کی جانے لگی اور شمع محمد و آل محمد کے پروانے لباس عزا زیب تن کر کے عزاداری میں مصروف ہو گئے۔
اس سال عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب تمام ممالک میں محدود پیمانے پر عزاداری کے اجتماعات ہو رہے ہیں اور ہر ملک کی انتظامیہ نے اپنے یہاں صورتحال کو دیکھتے ہوئے محرم کے اجتماعات کے بارے میں لازمی فیصلے کئے ہیں۔
اسکے علاوہ علمائے کرام اور مراجع تقلید کی ہدایات پر مومنین نے بڑے پیمانے پر میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھی عزاداری اور سوگواری کا اہتمام کیا ہے اور ہر روز پوری دنیا میں کروڑوں عاشقان حسین آن لائن مجالس عزا میں شرکت کریں گے۔ طبی ماہرین کے علاوہ مذہبی رہنماؤں بالخصوص ایران و عراق کے مراجع تقلید نے عزاداری اور سوگواری کے اجتماعات میں مکمل طور پر کورونا وائرس کے بچاؤ کے حوالے سے دی گئیں ہدایات پر عمل کی کرنے کی ہدایت کی ہے۔
سحر عالمی نیٹ ورک ماہ عزا اور ماہ غم کی مناسبت سے اپنے تمام سامعین، ناظرین اور کرم فرماوں کو دلی تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔