Aug ۲۲, ۲۰۲۰ ۰۸:۴۵ Asia/Tehran
  • ترکی میں ایک اور چرچ مسجد میں تبدیل

ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے آیا صوفیہ کے بعد استنبول کے دوسرے تاریخی چورا چرچ کو بھی مسجد میں تبدیل کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردوغان نے استنبول میں واقع تاریخی حیثیت کی حامل عمارت چورا گرجا گھر میوزیم کو دوبارہ سے پرانی حیثیت یعنی مسجد کی صورت میں بحال کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

ہزار سالہ تاریخی عمارت چورا گرجا گھر استنبول میں گولڈن ہارن کے مغربی کنارے پر واقع ہے، آیا صوفیہ کی عمارت کی بطور مسجد بحالی کے صرف ایک ماہ بعد چورا گرجا گھر میوزیم کی بھی مسجد کی صورت میں بحالی کا حکم دیا گیا ہے۔ ان دونوں تاریخی عمارت کی بطور مسجد بحالی کا حکم عدالت نے گزشتہ برس نومبر میں دیا تھا۔

چورا چرچ کو 16ویں صدی میں خرید کر مسجد میں تبدیل کردیا گیا تھا لیکن 1948 میں تاریخی حیثیت کی حامل اس عمارت کو میوزیم بنا دیا گیا تھا تاہم اب دوبارہ اس میوزیم کو مسجد میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوغان نے اپنی انتخابی مہم میں ملک کی دو اہم تاریخی عمارتوں کی بطور مسجد بحالی کا وعدہ کیا تھا۔ گزشتہ ماہ آیا صوفیہ اور اب چورا گرجا گھر کی مسجد میں تبدیلی سے اپنا وعدہ وفا کردیا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا تھا کہ آیا صوفیہ کے بعد ہماری اگلی منزل مسجد اقصیٰ ہے۔

ٹیگس