شام کے 10 لاکھ عوام، پینےکے پانی سے محروم، سوشل میڈیا پر ہنگامہ
شام کے الحسکہ شہر کے دس لاکھ عوام پینے کے پانی سے محروم ہوگئے ہیں جس پر عالمی سطح پر رد عمل کا سلسلہ جاری ہے۔
سوشل میڈیا پر سرگرم افراد نے الحسکہ کے عوام کے غم کو عالمی سطح پر پیش کرنے کے لئے حسکہ کو نجات دیں، حسکہ میں پانی نہیں ہے اور حسکہ تشنہ ہے، جیسے ہیش ٹیگ شروع کئے ہيں۔
ترکی کے حمایت یافتہ مسلح گروہوں نے کچھ دن پہلے حسکہ کے عوام کے لئے پینے کے پانی کی پائپ لائن کاٹ دی تھی۔
یہ پائپ لائن راس العین شہر کے نزدیک واقع ہے۔
اقوام متحدہ میں شام کے مستقل مندوب بشار جعفری نے اقوام متحدہ سے اس بارے میں مداخلت کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ الحسکہ کے عوام کے رنج و الم کو کم کیا جا سکے۔ ان کا الزام تھا کہ ترکی کے اشارے پر عام شہریوں کے لئے پانی بند کیا گیا ہے۔
ٹوئٹر پر سرگرم افراد نے اس واقعے کو تمام زندہ موجودات کا قتل عام قرار دیا ہے اور شام کے اس شہر کے 10 لاکھ عوام کو نجات دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔