فلسطینی صدر نے امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات سے انکار کردیا
محمود عباس نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین معاہدہ کرانے میں امریکی کردار پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
القدس العربی کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس نے رام اللہ میں امریکی وزیر خارجہ مائک پومپئو کے ساتھ ملاقات کرنے سے انکار کردیا ہے۔
عرب امارات کے ایک اعلی اہلکار نے صہیونی اخـبار اسرائیل الیوم کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی صدر محمود عباس نے رام اللہ میں امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ ناپسندیدہ شخصیت ہے۔
عرب امارات کے اعلی اہلکار کے مطابق فلسطینی حکام کو علاقائی امن اجلاس میں شرکت کے لئے دعوت نامہ بھیج دیا گیا ہے اس اجلاس میں بعض عرب ممالک کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسی سلسلے میں امریکی وزیر خارجہ مائک پومپئو کی فلسطینی صدر سے ملاقات کا پروگرام بھی تھا جسے فلسطینی صدر محمود عباس نے مسترد کردیا ہے، فلسطینی صدر نے امن اجلاس میں بھی شرکت سے انکار کردیا ہے۔ یہ اجلاس امریکہ، اسرائیل اور امارات کے تعاون سے منعقد کیا جارہا تھا۔