Aug ۲۶, ۲۰۲۰ ۱۷:۱۹ Asia/Tehran
  • دہشتگردوں کے خلاف شام و روس کی مشترکہ کاروائی، سیکڑوں ہلاک

شام میں روسی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ شامی اور روسی فوج کی مشترکہ کارروائیوں میں تین سو ستائیس دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں۔

شام میں روسی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شام کے مرکزی علاقے پر روس اور شام کے جنگی طیاروں کی بمباری، توپخانوں کی گولہ باری اور اسپیشل فورس کے خصوصی آپریشن میں تین سو ستائیس دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ ایک سو چونتیس بنکر اور سترہ ٹاور تباہ کر دئے گئے۔

ان کارروائیوں میں دہشتگردوں کے جنگی ساز و سامان کے سات گودام اور اسلحوں کے پانچ انڈرگراؤنڈ گودام تباہ کر دئے گئے۔ شام کی فوج نے روسی فوج کی مدد سے اٹھارہ سے چوبیس اگست تک دہشتگردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کاروائیاں انجام دی ہیں۔ شام میں روسی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ روسی فوج کا ایک جنرل جو شامی فوج کے مشیر کی حیثیت سے کام کر رہا تھا ، اٹھارہ اگست کو دہشتگردوں کے کار بم دھماکے میں مارا گیا ہے۔

روسی فوج شام کی قانونی حکومت کی درخواست پر دوہزار پندرہ سے اس ملک میں موجود ہے اور روسی فضائیہ نے گزشتہ دو برسوں میں بڑے پیمانے پر دہشتگردوں کے اڈوں کو نشانہ بنایا ہے۔

ٹیگس