شامی صدر اور عراقی رضاکار فورس کے کمانڈر کی ملاقات
شام کے صدر اور عراق کے الحشد الشعبی ادارے کے سربراہ نے دہشتگردی کے خلاف جنگ اور اقتصادی و سیکورٹی تعاون کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
دمشق میں شام کے صدر بشار اسد اور عراق کی عوامی رضا کار فورس الحشد الشعبی کے سربراہ فالح الفیاض نے اپنی ملاقات کے دوران تمام میدانوں میں باہمی تعاون کو مضبوط بنانے، دہشتگردی کے خلاف جنگ اور علاقے میں نئی سکیورٹی و سیاسی تبدیلیوں سے متعلق یکجہتی اور صلاح و مشورہ جاری رکھنے کو ضروری قرار دیا۔
شام کے صدر اور عراق کے الحشد الشعبی ادارے کے سربراہ نے مغربی ایشیا کے ممالک کے داخلی امور میں اغیار کی کی عدم مداخلت پر زور دیا۔ فالح الفیاض نے اس ملاقات میں بشار اسد کو عراق کے وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کا پیغام بھی پہنچایا ۔
خیال رہے کہ شامی و عراقی افواج اور عراق کی عوامی رضاکار فورس نے ایران، استقامتی محاذ کے مجاہدوں بالخصوص سپاہ قدس کے کمانڈر شہید جنرل قاسم سلیمانی اور روس کی مدد سے خطے میں دہشتگردی کی جڑیں کاٹنے میں اہم کردار ادا کیا اور داعش کے قبضے سے شام و عراق کے تمام علاقوں کو آزاد کرا کے با ضابطہ طور پر اسے شکست دی اور اب اسکے باقیات سے دونوں ممالک کو پاک کرنے کے لئے آپریشن کلین اپ جاری ہے۔