طالبان کے حملوں میں چودہ افغان سیکورٹی اہلکار جاں بحق
افغانستان کے صوبے قندوز، کاپیسا اور لوگر میں طالبان کے حملے میں کم از کم چودہ افغان فوجی مارے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صوبائی ترجمان عصمت اللہ مرادی نے بتایا ہے کہ طالبان نے صوبہ قندوز کے صدر مقام قندوز سٹی میں ایک فوجی چیک پوسٹ پر حملہ کر کے پانچ فوجیوں کو قتل اور پانچ کو زخمی کر دیا ہے۔
ادھر کاپیسا پولیس کے ترجمان نے بھی تگاب سٹی میں طالبان کے حملے کے دوران پانچ پولیس اہلکاروں کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق طالبان کے حملے میں سات پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔
درایں اثنا لوگر پولیس کے ترجمان عبد الشایق شورش نے بتایا ہے کہ صوبے پل علم شہر کے قریب طالبان کے ایک حملے میں بھی چار افغان فوجی مارےگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ افغان فوج نے جوابی کارروائی کرکے آٹھ طالبان کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
افغانستان کی فوج اور پولیس کے خلاف طالبان کے حملوں میں شدت ایسے وقت میں دیکھی جا رہی ہے جب حکومت افغانستان اور طالبان کے وفود قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امن مذاکرات کر ر ہے ہیں۔