Sep ۲۰, ۲۰۲۰ ۲۳:۴۳ Asia/Tehran
  • عراق میں داعش کا حملہ ناکام بنا دیا گیا

عراق کی سیکورٹی فورس نے ایک داعشی سرغنہ کی گرفتاری کی خبر دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ دہشت گرد عناصر کربلا میں دہشت گردانہ حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔

رپورٹ کے مطابق عراق کے خفیہ ادارے نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ اس نے ایک خطرناک داعشی سرغنہ کو گرفتار کرلیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ داعشی جرثومہ اربعین حسینی کے موقع پر دہشت گردانہ کاروائی کرنے کی غرض سے  شمالی عراق کے علاقوں سے شہر کربلا تک پہنچنے میں کامیاب ہو گیا تھا۔

عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی سے وابستہ ذرائع نے بھی سامرا کے ایک علاقے میں داعشی ٹھکانوں کو نشانہ بنانے اور انہیں تباہ کرنے کی خبر دی ہے۔

صوبے دیالہ کے ایک سکیورٹی ذریعے کا بھی کہنا ہے کہ شہر بعقوبہ سے ستر کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ام الحنطلہ کے مظافات میں داعشی عناصر کے حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔

واضح رہے کہ عراق میں داعشی دہشت گرد گروہ کی شکست کے باوجود اس گرووہ کے باقی بچے عناصر مختلف علاقوں میں روپوش ہیں جو کبھی کبھار دہشت گردانہ حملہ کر کے دہشت پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں تاہم  داعش کی باقیات کا  صفایا کرنے کا عمل جاری ہے۔

ٹیگس