سوڈان، اسرائیل سے تعلقات کے خلاف حکومت مخالف مظاہرے+ ویڈیو
سوڈان کے عوام نے اسرائیل کے ساتھ حکومت کے تعلقات کے خلاف وسیع پیمانے پر مظاہرے کئے۔
متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے اسرائیل سے تعلقات کے اعلان کے بعد اب سوڈان کی عبوری حکومت پر بھی اسرائیل کے ساتھ معاہدہ کرنے کا دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔
سوڈان کے حکام کا کہنا ہے کہ امریکا نے ملک کو بلیک لسٹ سے نکالنے کے لئے اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کی شرط لگائی ہے۔
سوڈان کے حکام نے اشارہ کیا ہے کہ سبھی ضروری شرطیں پوری کر لی ہیں۔ سوڈان کے حکام کے اس بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ سوڈان بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کا اعلان کرنے والا ہے۔
متحدہ عرب امارات اور بحرین کے وزرائے خارجہ نے فلسطینی کاز سے غداری کرتے ہوئے، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی موجودگی میں صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی مکمل برقراری کے سمجھوتے پر دستخط کیے۔
صیہونی حکومت کے ساتھ تعلقات کی برقراری کے لئے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے اقدامات کی پوری اسلامی دنیا میں بڑے پیمانے پر مذمت کی جا رہی ہے۔