عبداللہ عبداللہ تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہونچے
افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ تین روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔
افغان مصالحتی کونسل ایچ اسی این آر کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ ایک اعلی سطحی وفد لیکر اسلام آباد پہنچے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نور خان ایئر بیس پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد، افغانستان کے لئے پاکستان کے خصوصی نمائندے محمد صادق اور پاکستانی وزارت خارجہ کے افغان ڈیویژن کے ڈائریکٹر جنرل آصف میمن نے ڈاکٹر عبداللہ اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔
عبد اللہ عبد اللہ پاکستان کے دفتر خارجہ بھی پہونچے جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔ رپورٹوں میں بتایا گیا ہے ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ اپنے تین روزہ دورۂ کے دوران وزیر اعظم عمران خان، صدر عارف علوی، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات و گفتگو کریں گے۔
افغان مصالحتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ پاکستان کے انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹیجک اسٹڈیز میں خطاب بھی کریں گے ۔ان کے اس دورے کا بنیادی مقصد افغان حکومت اور طالبان کے امن مذاکرات کے تعلق سے مشاورت بتایا گیا ہے۔