Oct ۰۵, ۲۰۲۰ ۱۶:۳۴ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت کا غرب اردن میں نئی صیہونی بستیاں بسانے کا اعلان

غاصب صیہونی حکومت نے غرب اردن کے مقبوضہ علاقے میں نئی بستیوں کی تعمیر کے منصوبے پر کام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات اور بحرین کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے بعد اسرائیل نے کہا تھا کہ غرب اردن میں نئی صیہونی بستیاں بسانے کا منصوبہ موخر کر دیا گیا ہے تاہم گزشتہ رات صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں اس علاقے میں پانچ ہزار چار سو نئے رہائشی مکانات کی تعمیر کے پروانے جاری کر دیں گے.۔  

انسانی امور سے متعلق اقوام متحدہ کے ادارے اوچا نے اپنی حالیہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسرائیل نے رواں سال کے آغازِ سے اب تک غرب اردن میں فلسطینیوں کے پانچ سو چھے مکانات منہدم کیے ہیں جن میں سے ایک سو چونتیس مکانات صرف مشرقی بیت المقدس میں مسمار کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق فلسطینیوں سے تعلق رکھنے والی بعض عمارتوں کو تعمیر کا پروانہ نہ ہونے کے بہانے جبکہ باقی کو اسرائیل کی جانب سے عائد کیے جانے والے بھاری جرمانے اور ٹیکسوں کی عدم ادائیگی کو بہانہ بنا کر تباہ کیا گیا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد تیئیس چونتیس کے تحت غرب اردن سمیت تمام فلسطینی علاقوں میں صیہونی بستیوں کی تعمیر غیرقانونی ہے لیکن اس کے باوجود غاصب صیہونی حکومت فلسطینیوں کے مکانات کو منہدم اور صیہونی بستیوں کی تعمیر کرکے اس علاقے کی  فلسطینی شناخت کو ختم اور آبادی کا تناسب اسرائیل کے حق میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔  

 دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے علاقے الخلیل میں ایک فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا ہے۔

اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ نے دعوی کیا ہے کہ مذکورہ نوجوان الخلیل کے علاقے قریہ اربع میں غیر آتشیں اسلحے سے اسرائیلی فوجیوں پر حملہ کرنا چاہتا تھا تاہم اسرائیلی فوجیوں کو نقصان نہیں پہنچا۔

گزشتہ ماہ بھی صیہونی فوجیوں نے ایک فلسطینی نوجوان کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھا اور دعوی کیا تھا کہ وہ ان پر حملہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

 

 

ٹیگس