جنگ افغانستان کے پہلو بہت وسیع ہیں، اشرف غنی
افغانستان کے صدر نے کہا ہے کہ جنگ افغانستان کوئی داخلی مسئلہ نہیں ہے اور اس کے پہلو بہت وسیع اور علاقے سے باہر تک پھیلے ہوئے ہیں۔
آوا نیوز کے مطابق افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے اپنے دورہ قطر کے دوسرے روز کہا کہ امن و صلح ایک بنیادی سرمایہ ہے اور افغان عوام اپنے ملک میں امن و استحکام کے خواہاں ہیں۔انھوں نے امریکہ کی انیس سالہ جنگ افغانستان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ افغان عوام جنگ کے خاتمے اور امن و استحکام کے قیام کا نہایت بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
صدر افغانستان نے کہا کہ طالبان کے ساتھ حکومت کے امن مذاکرات کاروں کا اصل مقصد ایک ایسا آزاد، متحد اور جمہوری ملک کا قیام عمل میں لانا ہے جو افغان قوم کے لئے ثمربخش ثابت ہو سکے۔ محمد اشرف غنی نے یہ بیان ایسی حالت میں دیا ہے کہ قطر میں ہونے والے مذاکرات تین ہفتے کے بعد بھی تعطل سے دوچار ہیں اور مذاکرات کار فریقوں میں شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔