ہندوستان: پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کا آغاز، اجلاس کے ہنگامہ خیز ہونے کے آثار
ہندوستانی پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس آج سے شروع ہورہا ہے۔اطلاعات کے مطابق اس اجلاس کے ہنگامہ خیز ہونے کے آثار ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق آج سے پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس شروع ہو رہا ہے جس کے ہنگامہ خیز ہونے کے آثار ہیں کیونکہ اپوژیشن نے اپنا ایجنڈا واضح کردیا ہے کہ وہ ایس آئی آر (ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی) پرحکومت کو گھیرنے کے لیے کمربستہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق اپوزیشن نے واضح کردیا ہے کہ اگر اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) پر بحث نہیں ہوئی تو کارروائی آگے نہیں بڑھنے دیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ اپوزیشن اس معاملے پر متحد ہے۔
اپوزیشن نے ایس آئی آر کے علاوہ قومی سلامتی، آلودگی اورخارجہ پالیسی پر بھی بحث کا مطالبہ کیا ہے۔
سی پی آئی (ایم) لیڈرجان برٹاس نے کہا ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں ان باتوں پر متفق ہیں کہ ایس آئی آر، قومی سلامتی، دیہی بحرانوں اور گورنروں کے کردار پر تبادلۂ خیال کیا جانا چاہئے۔ بیجو جنتا دل نے بھی انتخابی شفافیت پر بحث کا مطالبہ کیا ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok
کانگریس لیڈر گورو گوگوئی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جمہوریت کے تحفظ پر بحث چاہتی ہے جس میں ووٹر لسٹ کی حفاظت بھی شامل ہے۔
ادھر حکومت نے ایوان کی کارروائی کو خوش اسلوبی سے چلانے کے لیے اپوزیشن سے تعاون کی بات کہی ہے۔ حکومت نے اپوزیشن کو یقین دلایا ہے کہ وہ ان کے مطالبات پر غور کرے گی۔