افغانستان میں ہندوستان کے فوجی کردار کے بارے میں بات کرنے سے عبداللہ عبداللہ کا انکار
افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ نے بتایا ہے کہ انھوں نے اپنے ملک میں ہندوستان کی جانب سے فوجی کردار ادا کیے جانے کے بارے میں تبادلۂ خیال کو مسترد کر دیا۔
عبداللہ عبداللہ نے سنیچر کے روز کہا کہ ان کے حالیہ دورۂ ہندوستان میں اس ملک کے اعلی حکام سے ملاقات میں افغانستان میں ہندوستان کے فوجی کردار ادا کرنے کا مسئلہ ہی نہیں اٹھا۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ افغانستان اپنے پیروں پر کھڑا ہونے پر قادر ہوگا۔ افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ نے طالبان سے مذاکرات کے بعد اپنے ملک میں جنگ کے خاتمے کی ضرورت پر ایک بار پھر زور دیا اور کہا کہ افغان عوام کو ایک ایسے معاہدے کا انتظار ہے کہ جس کے بعد پھر کوئي بھی دہشت گرد گروہ افغانستان میں کام نہ کر سکے یا افغانستان کی سرزمین کو دوسرے ملکوں کے خلاف استعمال نہ کر سکے۔
واضح رہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں افغانستان کی حکومت اور طالبان گروہ کے درمیان بارہ ستمبر سے امن مذاکرات جاری ہیں جن کا مقصد اس ملک میں جنگ اور جھڑپوں کا خاتمہ ہے۔