اسلامی ریڈیو اور ٹیلی ویژن یونین، دنیا میں مظلوموں کی آواز
اسلامی ریڈیو اور ٹیلی ویژن یونین نے ایک بیان میں امریکہ کی طرف سے اس یونین کے خلاف عائد کی جانے والی پابندی کو غیر قانونی اور قابل مذمت قرار دیا ہے۔
آئی آر آئی بی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی ریڈیو اور ٹیلی ویژن یونین (آئی آر ٹی یو) نے ایک بیان میں امریکہ کی طرف سے اس یونین کے خلاف عائد کی جانے والی پابندی پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی نشریاتی یونین ایک مستقل، آزاد اور غیر حکومتی بین الاقوامی ادارہ ہے جو کسی بھی حکومت سے وابستہ نہیں اور عالمی قوانین کے مطابق اطلاع رسانی کے شعبہ میں اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو انسانی اور اسلامی اصولوں کے تحت ادا کر رہا ہے۔
اسلامی ریڈیو اور ٹیلی ویژن یونین نے اس ادارے کے خلاف امریکی پابندیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے اس ادارے کے خلاف پابندی عائد کرکے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اور اپنی ظالمانہ اور مستکبرانہ خصلت کو مزید نمایاں کیا ہے۔
اسلامی ریڈیو اور ٹیلی ویژن یونین نے عالمی اداروں میں امریکہ کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ نے اسلامی ریڈیو اور ٹیلی ویژن یونین پر ملک کے صدارتی انتخابات میں مداخلت کا بے بنیاد الزام عائد کرتے ہوئے اس پر پابندی عائد کر دی۔
اسلامک ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن یونین (آئی آر ٹی یو) ایک غیر سرکاری ادارہ ہے جس میں دنیا بھر کے پینتیس ممالک سے قریب دوسو دس ریڈیو اور ٹیلی ویژن رکنیت حاصل کر چکے ہیں۔ اس یونین کا مرکزی دفتر ایران کے دارالحکومت تہران میں واقع ہے۔
یہ یونین اب سے چودہ برس قبل اسلامی و اخلاقی اقدار کی بنیادوں پر تشکیل پائی جس کا بنیادی مقصد دنیا بھر میں عالمی سامراج کے غلط پروپیگنڈوں اور ابلاغیاتی جنگ میں انکی سازشوں اور حربوں کا مقابلہ کرنا ہے۔