Oct ۲۶, ۲۰۲۰ ۱۰:۰۰ Asia/Tehran
  • آنحضرت (ص) کی اہانت سے فرانس نے ایک ارب مسلمانوں کی دل آزاری کی: حزب الله

حزب الله نے فرانس میں نبی رحمت، حضرت محمد مصطفی (ص) کی شان اقدس میں فرانسیسی حکام کے ذریعے کی جانے والی توہین کی مذمت کی ہے۔

المنار کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی عوامی اور انقلابی تحریک حزب الله نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے فرانس میں اسلامو فوبیا اور پیغمبرِ خاتم حضرت محمد مصطفی (ص) کی شان اقدس میں توہین اور فرانسیسی حکومت کی جانب سے توہین کرنے والے کی حوصلہ افزائی کی مذمت کی ہے۔

حزب الله کے بیان میں آیا ہے کہ آزادی اظہار رائے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ رسول اسلام (ص) کی توہین کریں۔ اسی کے ساتھ فرانسیسی حکام کو مشورہ دیا کہ عقل و منطق کے مد نظر دوسرے ادیان کا احترام کریں تا کہ دنیا میں کشیدگی کا ماحول پیدا نہ ہو۔

اس سے قبل اسلامی جمہوریہ ایران، ترکی اور پاکستان سمیت کئی ممالک نے پیغمبرِ اسلام حضرت محمد مصطفی (ص) کی شان اقدس میں توہین کی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ فرانس کے ایک اسکول میں ایک استاد نے آزادی اظہار رائے کے سبق کے دوران متنازع فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کے 2006 میں شائع شدہ گستاخانہ خاکے دکھائے تھے۔

جس کے چند روز بعد ایک شخص نے مذکورہ استاد کا سر قلم کردیا تھا جسے پولیس نے جائے وقوع پر ہی گولی مار کر قتل کردیا تھا اور اس معاملے کو کسی دہشت گرد تنظیم سے منسلک قرار دیا گیا تھا۔

مذکورہ واقعے کے بعد فرانسیسی صدر نے گستاخانہ خاکے دکھانے والے استاد کو 'ہیرو' اور فرانسیسی جمہوریہ کی اقدار کو 'مجسم' بنانے والا قرار دیا تھا اور فرانس کے سب سے بڑے شہری اعزاز سے بھی نوازا تھا جس پر عالم اسلام میں زبردست احتجاج ہوا اور احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

ٹیگس