جنرل قاسم سلیمانی قتل کیس کی رپورٹ پارلیمنٹ کو پیش کرنے کا حکم
عراقی پارلیمنٹ نے حکومت کو جنرل قاسم سلیمانی اور جنرل ابومہدی المہندس قتل کیس کی تحقیقاتی رپورٹ جلد از جلد پارلیمنٹ کے سپرد کرنے کا حکم دیا ہے۔
بغداد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے عراقی پارلیمنٹ کے سلامتی اور دفاع سے متعلق کمیشن کے رکن مہدی تقی امرلی نے کہا ہے کہ وزیراعظم مصطفی الکاظمی کی حکومت آئندہ چند روز کے اندر شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابومہدی المہندس اور ان کے بعض دوسرے ساتھیوں کے قتل کی تحقیقاتی رپورٹ پارلیمنٹ کے سپرد کرنے کی پابند ہے۔
انہوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ حکومت کو نہ صرف جنرل قاسم سلیمانی اور جنرل ابومہدی المہندس کے خلاف امریکہ کے دہشت گردانہ حملے کی رپورٹ پیش کرنا ہوگی بلکہ عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ٹھکانوں پر امریکی حملوں کی تحقیقات سے بھی پارلیمنٹ کو آگاہ کرنا ہوگا۔
قابل ذکر ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مشاورت فراہم کرنے کی غرض سے عراقی حکام کی دعوت پر اس ملک کا دورہ کرنے والے ایرانی فوج کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر جنرل ابومہدی المنہدس، رواں سال میں 2 جنوری کو بغداد میں امریکی فوج کے دہشت گردانہ حملے میں شہید ہوگئے تھے۔