جدہ میں آرامکو آئل تنصیبات پر یمن کا میزائلی حملہ
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ شہر جدہ میں آرامکو آئل تنصیبات کو میزائلی حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے
المسیرہ کی رپورٹ کے مطابق یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے ایک بیان میں کہا کہ یمنی فوج کے میزائلی یونٹ نے پیر کو " قدس دو " میزائل سے شہر جدہ میں آرامکو آئل کمپنی کے ڈسٹری بیوشن اسٹیشن پر حملہ کیا ہے ۔
یحیی سریع نے مزید کہا کہ قدس دو میزائل نے پوری کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا جس کے بعد سعودی حکومت کو وہاں فائر بریگیڈ کی گاڑیوں اور ایمبولینسوں کو روانہ کرنا پڑا ۔ یمنی فوج کے ترجمان نے کہا کہ یہ کارروائیاں یمن پر سعودی اتحاد کے جارحانہ حملوں اور محاصروں کے جواب میں کی گئی ہیں اور یمن کی مسلح افواج نے چند روز پہلے ہی سعودی عرب کے اندر بڑے پیمانے پر فوجی کارروائیوں کا اعلان کردیا تھا ۔
سعودی عرب کی فوج کے ترجمان نے ایک بار پھر سعودی شہریوں اور غیرملکی کمپنیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کے پیش نظر کہ یمنی فوج کی کارروائیاں جاری رہیں گی لہذا وہ بنیادی تنصیبات سے دور ہوجائیں کیونکہ یہ تنصیات ہمارے نشانے پر ہیں ۔
یمن کے مکمل محاصرے کے باوجود یمنی فوج اور رضاکار فورس کی دفاعی طاقت روز بروز بڑھتی جا رہی ہے ۔ سعودی عرب امریکہ ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کر رہا ہے اور اس ملک کا بری بحری اور فضائی محاصرہ کئے ہوئے ہے ۔