مذاکرات کے ایجنڈے کی ابتدائی فہرست کا تبادلہ
افغانستان کی نیشنل سیکورٹی کونسل نے کہا ہے حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور ملک کے اندر ہونا چاہئے-
طالبان اور افغان حکومتی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان مذاکرات کے ایجنڈے کی ابتدائی فہرست کا تبادلہ ہوگیا۔
اس حوالے سے ترجمان طالبان محمد نعیم کا کہنا تھا کہ مذاکراتی ٹیموں کی مذاکرات کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔
ترجمان طالبان نے کہا کہ ایجنڈے پر ابھی مزید بات چیت کی ضرورت ہے، فریقین نے مذاکرات کا اگلا دور 5 جنوری کو شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ادھرافغانستان کے نیشنل سیکیورٹی مشیر حمد اللّٰہ محب کا کہنا ہے کہ افغان حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور ملک کے اندر ہونا چاہئے۔
افغان نیشنل سیکیورٹی مشیر نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ افغان حکومت ملک کے اندر طالبان کی تجویز کردہ کسی بھی جگہ پر مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کے اندر مذاکرات ہونے سے افغانستان کی عوام کا امن عمل پر اعتماد بڑھے گا۔