Dec ۲۱, ۲۰۲۰ ۱۲:۳۱ Asia/Tehran
  • بغداد میں امریکی سفارت خانے پر راکٹ حملہ

عراقی ذرائع کے مطابق راکٹ حملے میں امریکی سفارت خانے کی عمارت اور وہاں کھڑی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

عراق کے دارالحکومت بغداد کے گرین زون میں واقع امریکی اڈے (سفارت خانے) پر 8 راکٹ داغے گئے جس کے نتیجے میں عمارتوں اور وہاں کھڑی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ بعض ذرائع نے داغے جانے والے راکٹوں کی تعداد گیارہ بتائی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بغداد میں امریکی سفارت خانے میں 8  کٹیوشا راکٹس گرے، جن میں سے تین راکٹ سفارت خانے کے رہائشی کمپلیکس سے ٹکرائے جس سے عمارت اور وہاں کھڑی گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔

عراق کے سیکیورٹی حکام نے میڈیا کو بتایا کہ راکٹس حملوں کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ امریکی اڈے میں لگے اینٹی میزائل سسٹم نے ایک راکٹ کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا تھا۔ حملے کے بعد گرین زون میں سائرن بجنے لگے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

 ادھر عراق کی عوامی رضا کار فورس الحشد الشعبی سے وابستہ کتائب حزب اللہ نے اپنے ایک بیان میں امریکی سفارتخانے کی عمارت پر کل رات کئے جانے والے حملے کی مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ " سفارت شر(شیطان) پر موجودہ حالات میں گولہ باری ایک غیر کنٹرول شدہ اور ہر قسم کے نظم و ضبط سے عاری اقدام ہے۔ اس بیان میں متعلقہ اداروں کو اس واقعے کے ذمہ دار عناصر سے نمٹنے پر زور دیا گیا ہے۔

ٹیگس