Dec ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۰:۴۷ Asia/Tehran
  • بغداد میں امریکی سفارتخانہ یا فوجی اڈہ؟

عراق کی استقامتی تحریک النجبا نے کہا ہے کہ بغداد میں سفارتخانہ نہیں بلکہ امریکی چھاؤنی ہے۔

تحریک النجبا کی سیاسی کونسل کے رکن " حیدر اللامی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امریکی سفارتخانہ ایک فوجی چھاؤنی ہے، کہا ہے کہ ایک طے شدہ منصوبے کے تحت نورا کشتی کھیلی جا رہی ہے تاکہ استقامتی محاذ کو نشانہ بنایا جا سکے۔

تحریک النجبا نے اتوار کی شام امریکی سفارتخانے کی عمارت پر حملے کو سازش قرار دیا جس کا مقصد استقامتی محاذ کو نشانہ بنا کر عراق میں امریکیوں کی موجودگی کا راستہ ہموار کرنا ہے۔

المیادین ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے حیدراللامی نے پرزور لفظوں میں کہا کہ بغداد میں واقع امریکی سفارتخانہ نہیں ہے بلکہ یہ امریکہ کی فوجی چھاؤنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت عراق کے سیاسی توازن میں بگاڑ پیدا کرنے کے لئے استقامتی محاذ کے خلاف الزام تراشی کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ بغداد میں واقع گرین زون میں اتوار کی رات کم از کم آٹ راکٹ امریکی سفارتخانے کی عمارت کے حدود میں آکر لگے تھے جس کی امریکی اڈے نے بھی تصدیق کی ہے۔

دوسری جانب عراق کی النجبا تحریک کی سیاسی کونسل کے چیئرمین علی الاسدی نے ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس کے قتل سے متعلق امریکہ کے دہشت گردانہ اقدام کے خلاف شکایت کے سلسلے میں حکومت کے دفاعی اقدام پر تنقید کی ہے۔ علی الاسدی کا کہنا ہے کہ امریکہ کا یہ مجرمانہ اقدام، عالمی سطح پر کھلی دہشت گردی اور عراق کے قومی اقتدار اعلی کی واضح خلاف ورزی رہا ہے۔

 

ٹیگس