سوشل میڈیا پر جنرل سلیمانی اور ابو مہدی کے نام ٹرینڈ کرنے لگے
سوشل میڈیا پر جنرل سلیمانی اور ابو مہدی المہندس ہیش ٹیگ ٹرینڈ کر رہا ہے۔
عراقی صارفین نے جنرل قاسم سلیمانی اور جنرل ابو مہدی المہندس کی شہادت کی برسی کے نزدیک آنے کے موقع پرعالم اسلام کے ان دو عظیم کمانڈرز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے #عراق المهندس اور #سلیمانی منا اهل العراق جیسے ہیش ٹیگ جاری کئے جو سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس بريگیڈ کے کمانڈر جنرل شہید سلیمانی اور عراقی رضاکار فورس کے نائب کمانڈر جنرل ابو مہدی المہندس کی شہادت کی برسی کے موقع پر عراقی صارفین نے ٹوئٹر پر «#عراق المهندس» و «#سلیمانی منا اهل العراق» جیسے ہیش ٹیگ جاری کئے اور ان میں سے ہر ایک ہیش ٹیگ پر 75 ہزار سے زائد لوگوں نے ٹوئٹ کئے اور یہ ہیش ٹیگ عراق میں سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگا۔
«سلیمانی منا اهل العراق» حضرت سلمان فارسی کے بارے میں پیغمبر اسلام (ص) کی مشہور حدیث مبارک سے لیا گیا ہے جس میں آپ فرماتے ہیں کہ «سلمان منا اهلالبیت» یعنی سلمان ہم اہلبیت سے ہیں۔
یاد رہے کہ رواں برس تین جنوری کو امریکی دہشتگردوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے براہ راست حکم سے ایران کی قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کو انکے ساتھیوں کے ہمراہ فضائی حملہ کر کے شہید کر دیا تھا۔ شہید قاسم سلیمانی عراق کی باضابطہ دعوت پر بغداد پہونچے تھے اور وہ حکومت عراق کے مہمان تھے۔
امریکہ کے اس دہشتگردانہ حملے کے جواب میں ایران نے بھی ایک ابتدائی انتقامی کاروائی کرتے ہوئے آٹھ جنوری کوعراق میں امریکی دہشتگردی کے سب سے بڑے اڈے عین الاسد پر درجن بھر میزائل داغ کر امریکہ کی شان و شوکت کو خاک میں ملا دیا تھا۔ ایران کے اس حملے میں امریکہ کا بڑا جانی و مالی نقصان ہوا تاہم امریکہ نے کئی ہفتے کی خاموشی کے بعد آہستہ آہستہ اور بتدریج اپنے سو سے زائد دہشتگردوں کو صرف دماغی چوٹ آنے کا اعتراف کرنے میں ہی عافیت سمجھی۔