سعودی اتحاد کی ناک رگڑ دی گئی ہے: یمنی وزیر دفاع
یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ جارح سعودی اتحاد یمن میں شکست کھا چکا ہے اور اس کی ناک رگڑ دی گئی ہے۔
المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی نیشنل سالویشن حکومت کے وزیر دفاع محمد ناصر العاطفی نے کہا ہے کہ سعودی اتحاد اور جنگ یمن میں جارح قوتوں کے حامیوں کے پاس آج راہ فرار بھی باقی نہیں ہے اور جلد ہی انہیں سخت پشیمانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یمنی وزیر دفاع محمد ناصر العاطفی نے کہا کہ جارح سعودی اتحاد میں شامل ممالک، اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن کی فوجی صلاحیتوں میں کافی اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے ملت یمن کو فتح و کامیابی کی نوید دی اور کہا کہ یہ قوم آج اپنے بنائے ہوئے ہتھیاروں سے لڑ رہی ہے اور کل اس کے نتائج دیکھے گی۔
سعودی عرب، امریکہ، متحدہ عرب امارات اور چند دیگر ممالک کی مدد سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کر رہا ہے اور اس ملک کا بری ، بحری اور فضائی محاصرہ بھی کئے ہوئے ہے۔