چینی جاسوسوں کی گرفتاری پر افغان پارلیمنٹ کو تشویش
افغانستان کی سینیٹ نے دارالحکومت کابل میں چینی جاسوسوں کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کابل سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کی سینیٹ نے اپنے ایک اجلاس میں اعلان کیا ہے کہ کابل میں گرفتار کئے گئے چینی جاسوسوں کی سرگرمیوں کے معاملے میں مکمل تحقیقات کی ضرورت ہے۔
افغان سیکورٹی اہلکاروں نے حال ہی میں کابل سے دس چینی جاسوسوں کو گرفتار کیا ہے جن سے جنگی وسائل، دھماکہ خیز مواد اور زہریلے نیز بیہوش کرنے والے اسپرے برآمد کئے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں افغانستان کے نائب صدر نے افغانستان کے امور میں چین کے خصوصی ایلچی سے گفتگو میں کہا ہے کہ بیجنگ اگر اس بارے میں معذرت خواہی کرتا ہے تو کابل کی حکومت چین کے ان شہریوں کو رہا کر دے گی ورنہ ان سے تفتیش کی جائے گی۔
چینی جاسوسوں کے معاملے کو صدر اشرف غنی نے اپنے نائب کے سپرد کر کے انہیں معاملے کی مکمل تحقیقات کرانے کی ہدایت کی ہے۔
ایسے حالات میں افغانستان میں چینی جاسوس گرفتار کئے گئے ہیں کہ افغانستان کے ساتھ چین کے تعلقات اچھے رہے ہیں اور یہ ملک، افغانستان کی تعمیرنو کے شعبے میں بھی سرگرم عمل ہے۔
یہ پہلا اتفاق ہے کہ افغانستان میں جاسوسی کے الزام میں چینی شہریوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔