Jan ۰۷, ۲۰۲۱ ۱۹:۴۷ Asia/Tehran
  • عراق نے ٹرمپ کی گرفتاری کا حکم صادر کیا

عراق میں استقامتی محاذ کے کمانڈروں جنرل قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کے قتل کیس کی سماعت کرنے والی الرصافہ عدالت نے امریکی صدر ٹرمپ کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

عراق کی سرکاری خبر رساں ایجنسی واع کی رپورٹ کے مطابق الرصافہ عدالت کے خصوصی جج نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ اس کیس میں استغاثہ کے بیانات سننے اور تحقیقات کا عمل مکمل ہو جانے پر یہ عدالت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو گرفتار کئے جانے کا حکم سناتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کیس میں دیگر مجرموں کا خواہ وہ عراقی ہوں یا غیر عراقی، پتہ لگانے کے لئے تحقیقات جاری رہیں گی۔

گزشتہ برس تین جنوری کو امریکی دہشتگرد فوج نے ڈونلڈ ٹرمپ کے براہ راست حکم پر ایران کی سپاہ قدس کے کمانڈر، جنرل قاسم سلیمانی اور عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل ابو مہدی المہندس کو ان کے ساتھیوں کے ہمراہ فضائی حملہ کر کے شہید کر دیا تھا۔

 شہید قاسم سلیمانی، حکومت عراق کی سرکاری دعوت پر بغداد پہنچے تھے اور وہ حکومت عراق کے مہمان تھے۔

محاذ استقامت کے ان کمانڈروں کی شہادت کے بعد عراق کی پارلیمنٹ نے اپنے ملک سے امریکی دہشتگردوں کے انخلا کے ایک بل کی منظوری بھی دی۔

ٹیگس