محاذ استقامت کے کمانڈروں کی راہ جاری رکھنے پر تاکید
عراق کی تحریک الصادقون کے ترجمان نے عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے عہدیداروں کے خلاف امریکہ کی جانب سے عائد کی جانے والی پابندیوں پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الحشدالشعبی محاذ استقامت کے عظیم شہید کمانڈروں قاسم سلیمانی اور ابو مہدی المہندس کی راہ جاری رکھے گی۔
عراق کی تحریک الصادقون کے سیاسی دفتر کے ترجمان محمود الربیعی نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ امریکہ کی جانب سے دہشت گردوں کی نام نہاد فہرست میں عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے ایک اور کمانڈر ابو فدک المحمداوی کا نام شامل کیا جانا عزت و شرافت کے ساتھ ساتھ ایک ایوارڈ کے بھی مترادف ہے۔انھوں نے کہا کہ ابو فدک اور عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی نیز محاذ استقامت کے تمام کمانڈروں نے اس بات کو ثابت کر دیا ہے کہ وہ محاذ استقامت کے دو عظیم شہید کمانڈروں، شہید جنرل قاسم سلیمانی اور شہید جنرل ابو مہدی المہندس کی راہ پر گامزن ہیں۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے سربراہ فالح الفیاض نے بھی عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے ایک کمانڈر ابو فدک المحمداوی کا نام دہشت گردوں کی امریکی فہرست میں شامل کئے جانے کو عراق کے اقتدار اعلی اور اس ملک کی آزادی و خودمختاری کے منافی قرار دیا ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی اس ملک کی مسلح افواج کا حصہ ہے جو عراق کی مسلح افواج کے کمانڈر یعنی اس ملک کے وزیراعظم کی ہدایات پر عمل کرتی ہے۔ فالح الفیاض نے کہا کہ عراق کی حکومت اور اس ملک کو چاہئے کہ امریکہ کی جانب سے عراق کے اقتدار اعلی کے منافی اقدامات کا مقابلہ کرے ۔
حزب اللہ عراق نے بھی ایک بیان میں امریکہ کی جانب سے عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے عہدیداروں کے خلاف پابندیوں کو محاذ استقامت کے مقابلے میں شکست پر امریکہ کی بوکھلاہٹ کی علامت قرار دیا اور کہا کہ امریکہ اپنے اس طرح کے اقدامات پر پشیمان ہو گا۔ حزب اللہ عراق نے کہا ہے کہ بڑے شیطان امریکہ کی حکومت، جو زبردستی اور دہشت گردی کی بنیاد پر اقوام عالم پر مسلط ہوئی ہے، ان اقوام کے نوجوانوں اور حریت پسندوں کے مقابلے میں خوف و ہراس میں مبتلا ہے اس لئے کہ محاذ استقامت کے جیالوں اور بہادروں نے امریکی استکبار کو ناکوں چنے چبوادیئے ہیں۔
امریکی وزارت خزانہ نے بدھ کے روز عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے ڈپٹی کمانڈر شہید ابو مہدی المہندس کے جانشین، جنرل ابو فدک المحمداوی کا نام دہشت گردوں کی اپنی نام نہاد فہرست میں شامل کر کے ان کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی نے بھی اپنے ایک کمانڈر ابو فدک المحمداوی کا نام امریکہ کی نام نہاد فہرست میں شامل کئے جانے پر ابو فدک المحمداوی کو مبارک باد پیش کی ہے۔امریکی وزارت خزانہ نے گذشتہ ہفتے بھی عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے سربراہ فالح الفیاض کا نام دہشت گردوں کی اپنی نام نہاد فہرست میں شامل کیا تھا جس پر عراق کی حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔