Jan ۱۷, ۲۰۲۱ ۱۶:۲۹ Asia/Tehran
  • انتخابات کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے پر فلسطینی انتظامیہ کی تاکید

فلسطینی انتظامیہ کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ فلسطینی حکومت اور حکام آئندہ انتخابات کو کامیاب بنانے کے لئے اس راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کردیں گے۔

  فلسطینی انتظامیہ کے وزیراعظم محمد اشتیہ نے کہا ہے کہ فلسطینی الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد کی راہ میں حائل تمام ممکنہ رکاوٹوں کو دور کرنے کا مکمل اختیار دے دیا ہے ۔

 فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس نے جمعے کو عام انتخابات کے انعقاد کا سرکاری حکم جاری کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ لیجسلیٹیو کونسل کے انتخابات بائیس مئی کو اور صدارتی انتخابات اکتیس جولائی کو کرائے جائیں گے اور اگر قانون ساز کونسل کے انتخابات دوسرے مرحلے تک کھینچ جائیں تو قومی پارلیمنٹ کے انتخابات اکتیس اگست کو منعقد ہوں گے۔

محدود اختیارات کی حامل فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس ، الیکشن میکانیزم کی بنیاد پر قومی مذاکرات  شروع کرنے کے خواہاں ہیں ۔

 فلسطین کی فتح اور حماس تحریکوں نے فلسطینی انتظامیہ کی جانب سے انتخابات کے انعقاد کا وقت معین کئے جانے کی حمایت کی  ۔

دوسری جانب تحریک حماس کے ترجمان نے ایک بیان جاری کر کے اعلان کیا ہے کہ صیہونی حکومت کو سینٹکام کی کمان میں شامل کرنے کے امریکی وزارت جنگ کے اقدام کو صیہونی حکومت کے ساتھ عرب حکام کی ساز باز کا نتیجہ قرار دیا ہے۔

ارنا نے فلسطین الیوم کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا ہے  کہ امریکی وزارت جنگ صیہونی حکومت کوامریکہ کی سینٹرل کمان سینٹکام میں شامل کرکے جس میں علاقے کے عرب ممالک بھی شامل ہیں، صیہونی حکومت اور ان عرب ملکوں کے درمیان فوجی تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوشش کررہی ہے۔  تحریک حماس کے ترجمان نے زور دے کر کہا کہ امریکہ کا یہ فیصلہ ، صیہونی حکومت اور عرب حکام کے درمیان حالیہ ساز باز معاہدے کا نتیجہ ہے ۔

 

ٹیگس